لوک سبھا انتخابات میں بھاری اکثریت کے ساتھ جیت درج کرکے نریندر مودی تیسری مرتبہ ملک کے وزیر اعظم بنیں گے/ امیت شاہ

سرینگر /لوک سبھا انتخابات میں ایک بار پھر بھاری اکثریت کے ساتھ جیت درج کرکے نریندر مودی مسلسل تیسری مرتبہ ملک کے وزیر اعظم بنے گے کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ دفعہ 370 کی وجہ سے کشمیر میں 40ہزار سے زیادہ لوگ مارے گئے اور وادی میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی میں اضافہ ہوا، لیکن 05 اگست 2019 کو وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت نے دفعہ کو ختم کرکے سب کو یکساں اختیار دیئے۔ بی جے پی کے قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ اور بی جے پی کے سینئر رکن پارلیمنٹ امیت شاہ نے دعویٰ کیا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی ایک بار پھر بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی تیسری مدت کار میں ملک سے انتہا پسندی، دہشت گردی اور نکسل ازم ختم ہو جائے گا۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ ملک نے فیصلہ کر لیا ہے کہ مودی جی پھر سے ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔انہوںنے کہا ’’ ملک میں ہر حکومت نے اپنے دور میں وقت کے مطابق ترقی لانے کی کوشش کی ہے۔ لیکن آج میں بغیر کسی الجھن کے کہہ سکتا ہوں کہ مجموعی ترقی، ہر شعبے کی ترقی اور ہر فرد کی ترقی کا کام صرف نریندر مودی جی کے 10 سالوں میں ہوا ہے‘‘۔کانگریس اور اپوزیشن انڈیا الائنس پر حملہ کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ دلت، قبائلی اور پسماندہ برادریوں کو کانگریس اور انڈیا الائنس نے ووٹ بینک کے طور پر کافی استعمال کیا۔ لیکن پہلی بار انہیں عزت اور حصہ داری دینے کا کام بی جے پی کی مودی حکومت نے کیا۔ پہلی بار ملک کا فخر پوری دنیا نے محسوس کیا۔ ہندوستانی لوگ جب دنیا میں کہیں پر بھی جاتے ہیں تو وہاں کے لوگ کہتے ہیں کہ تم مودی کے ہندوستان سے آئے ہو۔ دنیا میں یہ شناخت بنانے کا کام ہمارے لیڈر نریندر مودی جی نے کیا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملک میں انتہا پسندی، دہشت گردی اور نکسل ازم اپنی آخری سانسیں لے رہے ہیں۔ یہ سب چیزیں مودی حکومت کی تیسری مدت کار میں ختم ہوجائیں گی اور ملک میں امن ہو گا۔امیت شاہ نے کہا کہ دفعہ 370 کی وجہ سے کشمیر میں 40,000 سے زیادہ لوگ مارے گئے اور وادی میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی میں اضافہ ہوا، لیکن 05 اگست 2019 کو پی ایم مودی کی قیادت والی حکومت نے دفعہ کو ختم کرکے سب کو یکساں اختیار دیئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں