باپ نے دو کمسن بچیوں کا گلا کاٹ دیا:دل دہلادینے والا واقعہ

ایک دل دہلادینے والے واقعہ میں ایک باپ نے حالت نشہ میں گوشت کاٹنے کے لئے استعمال ہونے والے کتہ سے اپنی دو کم عمر لڑکیوں کا گلاکاٹ دیا۔یہ واردات تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع کے چیتاپور گاوں میں پیش آئی۔ان دونوں لڑکیوں جن کی عمر دس سال سے کم ہے کو علاج کے لئے سرکاری اسپتال منتقل کیاگیا۔پیشہ کے اعتبار سے قصائی محمد نامی اس شخص نے اُس وقت پولیس پر بھی حملہ کردیا جب پولیس اس کو گرفتار کرنے کیلے پہنچی تاہم پولیس نے اس کوکافی جدوجہد کے بعد حراست میں لے لیا۔پولیس اس سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔اطلاعات کے مطابق ملزم نے پڑوسی ریاست مہاراشٹر کے ناندیڑ سے اپنے خاندان کے ساتھ سدی پیٹ کے میرودوڈی منڈل کے موتے گاوں میں نقل مکانی کی تھی۔وہ گاوں میں گوشت کی دکان چلایاکرتا تھا۔وہ اپنی بیوی اور بیٹیوں کے ساتھ جمعہ کی شام چیتاپور گاوں منتقل ہوا جہاں اس نے سائیلو نامی شخص سے کرایہ کا مکان حاصل کیا۔قبل ازیں وہ موتے گاوں میں رہتا تھا۔مدد کے لئے چیخ وپکار پر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی۔پولیس کو دیکھ کر وہ گھر میں چھپ گیا۔ایک پولیس کانسٹیبل کمپاونڈ وال کود کر مکان میں داخل ہوا اور اس کو حراست میں لینے کی کوشش کی تاہم ملزم نے اس پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں پولیس ملازم زخمی ہوگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں